کھیل
31 مئی ، 2017

چیمپئنز ٹرافی: پاک بھارت ٹاکرے کے لیے فائنل الیون کی تیاری

چیمپئنز ٹرافی: پاک بھارت ٹاکرے کے لیے فائنل الیون کی تیاری

قومی ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں 4 جون کو اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی جس کے لیے فائنل الیون کی تیاری حتمی مراحل میں ہے۔

سرفراز احمد کی قیادت میں چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے 15 ارکان پر مشتمل قومی کرکٹ ٹیم ان دنوں برطانیہ کے شہر برمنگھم میں موجود ہے جہاں تین دن بعد ایجبسٹن میں شاہینوں کا ٹاکرا روایتی حریف بھارت کے ساتھ ہے۔

پاک بھارت مقابلے کو چیمپئنز ٹرافی کے مقابلوں میں انتہائی اہم قرار دیا جارہا ہے کیونکہ دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ بڑے ایونٹ میں ہی دیکھنے میں آتا ہے۔ دونوں روایتی حریفوں کے درمیان اس اہم ٹاکرے کے لیے 25 ہزار نشستوں والے واروکشائر کاونٹی کے گراونڈ پر میچ کی تمام ٹکٹیں فروخت ہو چکی ہیں۔

چیمپئنز ٹرافی کے گروپ ’’بی‘‘میں موجود پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کا یہ ٹورنامنٹ میں پہلا میچ ہوگا جس کے لیے بدھ کو(آج) بھارتی ٹیم لندن سے برمنگھم پہنچی ہے جب کہ پاکستان ٹیم انگلینڈ کے دوسرے بڑے شہر میں 17مئی سے ڈیرے ڈالے ہوئے ہے۔

4 جون کو بھارت کے خلاف اعصاب شکن مقابلے کے لیے قومی ٹیم میں ممکنہ طور پر جو 11 کھلاڑی شامل ہوسکتے ہیں ان میں کپتان سرفراز احمد کے علاوہ احمد شہزاد، اظہر علی، بابر اعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، عماد وسیم، فہیم اشرف، حسن علی، محمد عامر اور جنید خان کے نام ہیں۔

تاہم بھارت کے خلاف پاکستان کے 11 کھلاڑیوں کے لیے ٹیم مینجمنٹ ابھی چند کھلاڑیوں کے حوالے سے نتیجے پر نہیں پہنچ سکی ہے۔

مینجمنٹ بائیں ہاتھ کے اوپنر فخر زمان کو بہت اہمیت دے رہی ہے۔ البتہ 27 سالہ فخر زمان ابھی تک کوئی ون ڈے نہیں کھیلے ہیں۔

چیمپئنز ٹرافی کے لیے سابق کپتان اظہر علی کو خاص طور پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ 45 ون ڈے میچوں میں 1605 رنز بنانے والے اظہر علی اپنے ساتھی احمد شہزاد کے ساتھ اننگز کا آغاز کرنے کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔

نوجوان کھلاڑی بابراعظم، تجربے کار آل راؤنڈر شعیب ملک اور سابق کپتان محمد حفیظ کی سلیکشن کے لیے راہ ہموار ہے۔

جب کہ بولنگ کے شعبے میں محمد عامر، حسن علی اور عماد وسیم سلیکشن کے اعتبار سے گرین زون میں ہیں۔ البتہ 102 ون ڈے وکٹ لینے والے وہاب ریاض کی فارم اور فٹنس یہ اشارے دے رہی ہے کہ انہیں بائیں ہاتھ کے تیز بولر جنید خان کے لیے ممکنہ طور پر جگہ چھوڑنا پڑے۔

27 سالہ جنید خان نے 58 ون ڈے میچوں میں 86 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ ایجبسٹن کے گراؤنڈ پر پاک بھارت مقابلے سے قبل ہی بنگلادیش کے خلاف وارم اپ میچ میں جنید خان 4 وکٹیں لے کر سب کی نظروں میں آچکے ہیں۔

دوسری جانب ابھرتے ہوئے آل راؤنڈر شاداب خان کا بھارت کے خلاف میچ کی فائنل الیون ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے فہیم اشرف کے ساتھ مقابلہ ہے۔ فہیم اشرف نے بنگلا دیش کے خلاف قومی ٹیم کی صرف 2 وکٹ سے وارم اپ میچ میں فتح میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

فہیم اشرف کے 30 گیندوں پر ناقابل شکست 64 رنز نے حالات کو ان کی سلیکشن کے لیے قدرے سازگار بنا دیا ہے۔

مزید خبریں :