کھیل
17 جون ، 2017

چیمپئنز ٹرافی فائنل کی ٹکٹس 15 گنا زائد قیمت پر فروخت

چیمپئنز ٹرافی فائنل کی ٹکٹس 15 گنا زائد قیمت پر فروخت

پاکستان اور بھارت کا فائنل ٹاکرا کل اوول کے تاریخی میدان میں کھیلا جائے گا جب کہ اس میچ کی ٹکٹیں 15 گنا زائد قیمت پر فروخت ہورہی ہیں۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا سب سے بڑا مقابلہ دیکھنے کے لیے کرکٹ دیوانے انگلینڈ میں موجود ہیں اور اس دنگل کو اسٹیڈیم میں دیکھنے کی خواہش رکھتے ہیں لیکن کرکٹ کے جنونیوں سے پیسہ کمانے کے لیے ٹکٹیں بلیک کرنے والی مافیا بھی میدان میں ہے۔

چیمپئنزٹرافی کے فائنل کی ٹکٹس یوں تو کئی ماہ پہلے ہی ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوگئی تھیں لیکن اس وقت یہ بات کسی کے وہم و گمان میں بھی نہ تھی کہ یہ فائنل چیمپئنز ٹرافی کا تاریخی فائنل بن جائے گا جس میں دو روایتی حریف آمنے سامنے ہوں گے۔

فائنل میں پاکستانی شاہینوں اور بھارتی سورماوں کے آمنے سامنے آنے کے بعد اب میچ کی ایک ٹکٹ کی قیمت 140 پاؤنڈز کے بعد اب ایک ہزار سے 2 ہزار پاؤنڈز تک جا پہنچی ہیں۔

حال اب یہ ہے کہ جس کے پاس 140 پاؤنڈز کی ٹکٹ موجود ہے اسے بھی شائقین 1100 پاؤنڈز تک خریدنے سے بھی پیچھے نہیں ہٹ رہے اور اس طرح ٹکٹ 15 گنا زیادہ قیمت پر بھی ہاتھوں ہاتھ بک رہی ہے۔

کرکٹ شائقین کو اس وقت پیسوں کی کوئی پرواہ نہیں۔ انہیں اگر کسی بات سے دلچسپی ہے تو وہ صرف یہ کہ کسی بھی طرح کسی بھی قیمت پر ٹکٹ مل جائے اور وہ یہ تاریخی مقابلہ اسٹیڈیم میں براہ راست دیکھیں۔

مزید خبریں :