نوازشریف اور چوہدری نثار کی ملاقات، گلے شکوے دور کرلیے، ذرائع

—فائل فوٹو۔

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی ملاقات پنجاب ہاؤس میں ملاقات ہوئی۔

چوہدری نثار  میاں نواز شریف سے ملاقات کے لیے جب پنجاب ہاؤس پہنچے تو وہاں پرویز رشید، آصف کرمانی اور دیگر (ن) لیگی رہنما پہلے سے ہی موجود تھے تاہم دونوں رہنماؤں کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی ہے۔

ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ ملاقات کے دوران چوہدری نثار نے نوازشریف سے ان کی اہلیہ کلثوم نواز کی خیریت دریافت کی اور اس دوران ملکی سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق دونوں کی ملاقات کے دوران چوہدری نثار نے میاں نوازشریف سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا جب کہ نوازشریف نے بھی اپنے تحفظات سے چوہدری نثار کو آگاہ کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ ڈیڑھ ماہ بعد ہونے والی اس ملاقات میں دونوں جانب سے گلے شکوے دور کرلیے گئے ہیں جب کہ چوہدری نثار نے اس دوران میاں نوازشریف کی قیادت پر بھی بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

نواز شریف کی وطن واپسی

خیال رہے کہ آج صبح سابق وزیراعظم پی آئی اے کی پرواز پی کے 786 کے ذریعے لندن سے وطن واپس پہنچ گئے۔

سابق وزیراعظم کے استقبال کے لیے (ن) لیگ کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی ایئرپورٹ کے باہر موجود تھی۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینیٹر آصف کرمانی کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم تفریح کے لیے نہیں بلکہ اپنی اہلیہ کی عیادت کے لیے لندن گئے تھے تاہم کل وہ احتساب عدالت کے سامنے پیش ہوں گے۔ 

کل نیب میں پیش ہونے کے بعد نواز شریف اجلاس سے خطاب کریں گے اور صورت حال سے رہنماؤں کو آگاہ کریں گے۔ 

اس سے قبل لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف کا کہنا تھا کہ بات پاناما کی تھی تو سزا اقامہ پر کیوں ہوئی، فیصلہ بھی انہوں نےدیا، اپیل بھی انہوں نےسنی، نگران جج بھی وہی بن گئے۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے کوئی کرپشن نہیں کی، سرکاری پیسا نہیں کھایا، بار بار کہا کرپشن، کک بیک یا کمیشن کا کیس نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریفرنس پیسے کھانے پر ہوتا یا ٹھیکے میں پیسا کمانے پر ہوتا، لیکن یہ کس قسم کا احتساب ہے کہ بات پاناما کی تھی تو سزا اقامہ پر ہوگئی۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ میں اہلیہ کی تیمارداری کے لیے لندن آیا تھا، ایسا ارادہ نہیں تھا کہ لندن میں بیٹھا رہوں گا اور واپس نہیں جاؤں گا۔

خیال رہے کہ احتساب عدالت نے تین نیب ریفرنسز میں سابق وزیراعظم نواز شریف، حسن نواز، حسین نواز، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کو کل طلب کر رکھا ہے۔

مزید خبریں :