دنیا
Time 10 جنوری ، 2018

سعودی عرب میں قدیم عمارت کا ملبہ گرنے سے 2 پاکستانی مزدور جاں بحق

فائل فوٹو

سعودی عرب میں سرکاری اسپتال کی عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا جس کے نتیجے میں دو پاکستانی مزدور جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔

سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے شہر جدہ میں واقع معروف سرکاری اسپتال کے ایک پرانے حصے کو توڑنے کا عمل جاری تھا کہ ملبہ مزدوروں پر آگرا۔

کنگ سعود میڈیکل کمپلیکس کے اولڈ لیب بلڈنگ کو توڑنے کا کام جاری تھا اور ذرائع کے مطابق یہاں کام کرنے والے تمام مزدور پاکستانی تھے۔

محکمہ شہری دفاع کے حکام کے مطابق اچانک عمارت کا کچھ حصہ منہدم ہوگیا جس کے نتیجے میں دو پاکستانی جاں بحق اور دیگر تین زخمی ہوگئے۔

حکام نے بتایا کہ اسپتال کے اس حصے کو پہلے ہی خالی کرالیا گیا تھا اور اسے گرانے کا عمل جاری تھا لہٰذا اس کے گرنے سے اسپتال کی سرگرمیاں متاثر نہیں ہوں گی۔

کنگ سعود میڈیکل کمپلیکس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ترکی النفیسہ نے اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی جبکہ سول ڈیفنس اور پولیس واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں۔

اسپتال کی تعمیر نو اور تزئین و آرائش کے سلسلے میں وزارت صحت نے اسپتال کے پرانے اور استعمال نہ ہونے والے حصوں کو توڑنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس پر کام حال ہی میں شروع ہوا تھا۔

مزید خبریں :