پاکستان
30 اپریل ، 2012

پروموشن کیس: عدالت کا حکومتی اپیل واپس لینے کی اجازت دینے سے انکار

پروموشن کیس: عدالت کا حکومتی اپیل واپس لینے کی اجازت دینے سے انکار

اسلام آباد … سپریم کورٹ کے جسٹس سرمد جلال عثمانی اور جسٹس امیر ہانی مسلم پر مشتمل بینچ نے حکومت سندھ کو آوٴٹ آف ٹرن پروموشن کیس میں اپنی اپیل واپس لینے کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے اعلیٰ پولیس حکام کو ذاتی حلف ناموں کے ہمراہ 2 مئی کو عدالت میں طلب کرلیا ہے۔ سندھ سروسز ٹریبونل نے اے ایس آئی اسلم پرویز بھٹہ کے کیس میں حکومت کو حکم دیا تھا کہ درخواست گزار کو وہی ریلیف دیا جائے جو ان جیسے 3 دیگر اے ایس آئی حضرات کو دیا گیا ہے۔ حکوت نے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ اپیل کی ابتدائی سماعت پر عدالت نے پولیس میں آوٴٹ آف ٹرن پروموشن پانے والے تمام افسران کی فہرست طلب کی تھی۔ آج کراچی رجسٹری میں کیس کی دوبارہ سماعت ہوئی تو ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ میراں محمد شاہ نے 87 افسران کی فہرست پیش کی۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ سروسز ٹریبونل کے جس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی گئی تھی اس پر عملدرآمد کردیا گیا ہے اس لئے حکومت اب اپنی اپیل واپس لینا چاہتی ہے۔ بینچ نے حکومت کو اپیل واپس لینے کی اجاز ت دینے سے انکار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ پولیس میں ایسی ترقی پانے والوں کی جو فہرست عدالت میں جمع کرائی گئی ہے وہ بظاہر درست نہیں۔ بینچ نے ہوم سیکریٹری سندھ، ایڈووکیٹ جنرل سندھ، آئی جی پولیس اور ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ کو ذاتی حلف ناموں کے ہمراہ 2 مئی کو عدالت میں طلب کرلیا ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ حلف ناموں میں پولیس میں آوٴٹ آف ٹرن پروموشن پانے والوں کی اصل تعداد، نام، عہدے اور دیگر تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔

مزید خبریں :