25 فروری ، 2015
دبئی ......چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں دیگر صوبوں کی نسبت سب سے کم کرپشن ہے۔ جو ہے اس پر بھی قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے،صوبے میں سرمایہ کارروں کو لانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائینگے۔ خیبرپختونخواہ انوسٹمنٹ روڈ شو دبئی میں ہوا۔ جس میں عمران خان ، اہلیہ ریحام خان، مختلف ممالک کے سرمایہ کار وں اور کے پی کے کے وزرا نے شرکت کی ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا وسائل سے مالا مال ہے،تاہم سیکیورٹی کے مسائل کی وجہ سے انویسٹرز یہاں آنے گھبراتے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ پاکستان میں کرپشن بھی ایک بڑا مسئلہ ہے،لیکن خیبرپختونخوا میں بہت کم کرپشن ہے،اس پر مزید قابو پانے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔غیر ملکی سرمایہ کاروں کے مسائل حل کرنے کیلئے بھی صوبے میں خصوصی ڈیسک بنائی جائیگی۔