27 فروری ، 2015
ممبئی.........بالی وڈ اسٹار نانا پاٹیکر پھر واپس آرہے ہیں، ’’اب تک چھپن ٹو‘‘ کے اینگری پولیس مین کے روپ میں، کہتے ہیں کہ وہ اب پیسہ نہیں کردار کو اہمیت دیتے ہیں۔2004ءکا کرائم ڈراما ’’اب تک چھپن ٹو‘‘کسے یاد نہیں ہوگا اور جناب یاد نہ بھی ہو تو، نانا پاٹیکر کہتے ہیں کہ ’’اب تک چھپن ٹو‘‘دیکھنے کے لیے پہلی فلم دیکھنا ضروری نہیں۔ نئی فلم بیالیس سال کے ریٹائرڈ پولیس مین سادھو اگاشی کی کہا نی کو آگے بڑھارہی ہے۔اعجاز گلاب کی ڈائریکشن میں بننے والی فلم ’’اب تک چھپن ٹو‘‘کا ہیرو سادھو اپنی بیٹی کے ساتھ گاؤں میں گمنامی کی زندگی بسر کر رہا ہے لیکن پھر شہر میں اچانک کچھ ایسا ہوتا ہے کہ پولیس ڈپارٹمنٹ سادھو کو دوبارہ طلب کرلیتا ہے اور یہیں سے اصل کہانی شروع ہوتی ہے۔ ’’اب تک چھپن ٹو‘‘کا پولیس مین ہیرو گینگسٹر اور کرمنلز سے ذرا مختلف طریقے سے نمٹنے کے لیے مشہور ہے۔ جھوٹے پولیس مقابلے ہوں یا مجرموں کے خلاف جھوٹے مقدمے درج کرنا ہوں، پولیس والا دو نمبر طریقے ضرور استعمال کرتا ہے لیکن اس کا مقصد نیک ہی ہوتا ہے۔نانا پاٹیکر کہتے ہیں کہ کیریئر کی ابتدا میں شاید وہ پیسے کے لیے کوئی بھی رول قبول کرلیتے تھے، لیکن اب وہ صرف اسی وقت کوئی کردار قبول کرتے ہیں جب رول دم دار ہو۔