28 فروری ، 2015
کراچی.......کراچی کے علاقے سخی حسن میں گذشتہ روز بینک میں اکیلے ڈکیتی کرنے والے ڈاکو کی گرفتاری کے لئے کوششیں جاری ہیں، تاہم ملزم کا سراغ نہیں لگایا جاسکا ہے ۔پولیس کے مطابق سخی حسن کے علاقے میں گذشتہ روز ہونے والی بینک ڈکیتی میں ملوث تنہا ڈاکو کی گرفتاری کے لئے کوششیں جاری ہیں۔پولیس حکام نے جیو نیوز کو بتایا کہ ملزم نے واردت کے لئے موٹر سائیکل کرائے پر لی تھی،جبکہ بینک ملزم کی تصاویرکو کرمنل ریکارڈ اور نادرا کو بھیج دیا گیا ہے۔ ملزم کی شناخت کے لئے جیل سے رہا ہونے والے ملزمان کا ریکارڈ بھی چیک کروایا جارہا ہے،جبکہ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ ملزم برمی باشندہ تھا۔ ملزم نے بینک میں چیک کیش کروانے والے ایک نوجوان سے جو بات چیت کی تھی اسکا بیان بھی پولیس نے قلم بند کرلیا ہے جبکہ بینک کے تینوں سیکورٹی گارڈز کا اسلحہ بھی چیک کیا گیا ہے۔