06 مارچ ، 2015
پیرس ......رضا چوہدری......... کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیرپر مذاکرات میں کشمیریوں کو بھی شامل کیاجائے۔ انھوں نے اپنے ایک بیان پاکستان اور بھارت کے مابین مذاکرات کی بحالی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ مسئلہ کشمیرپرمتوقع مذاکرات کے دوران کشمیریوں کے نمائندوں کو بھی شامل کیاجائے۔ علی رضاسید نے کہاکہ کئی ماہ کی کشیدگی کے بعد پاکستان اور بھارت کے خارجہ سیکرٹریوں کی ملاقات ایک خوش آئند اور مثبت قدم ہے لیکن مذاکرات کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ بھارت بلیک میل کرناچھوڑ دے اوربات چیت میں سنجیدگی دکھائے۔ پاکستان او ر بھارت کو چاہیے کہ وہ کشمیریوں کی حقیقی قیادت کو مسئلہ کشمیر پر مذاکرات میں شامل کریں تاکہ مسئلہ کشمیرکشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل ہوسکے اور خطے میں امن قائم ہو۔انھوں نے پاکستان کے دفتر خارجہ کے بیان کا بھی خیرمقدم کیا جس میں خاتون ترجمان نے تمام تصفیہ طلب معاملات پر بہت جلد مذاکرات کی خبر دی ہے۔ علی رضاسید نے کہاکہ دونوں ملکوں کو مسئلہ کشمیرپر سنجیدگی دکھاناہوگی اور اس مسئلے کا منصفانہ اور پرامن حل تلاش کرناہوگا۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے مزید کہاکہ مسئلہ کشمیرکا پرامن حل خطے کے امن اورخوشحالی کے لیے ضروری ہے۔ اس مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیاجائے۔ انھوں نے اقوام متحدہ پر بھی زور دیا کہ وہ کشمیرپر اپنی دیرینہ قراردادوں پر عمل کرائے اور کشمیریوں کو آزادانہ ماحول فراہم کرے تاکہ وہ اپنی خواہشات کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرسکیں۔ انھوں نے مزید کہاکہ کشمیرکونسل ای یو کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کی پرامن اورقانونی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گی۔