28 مارچ ، 2015
اسلام آباد .......وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے اس موقف کی تردید کر دی ہے کہ چیئرمین نادرا کا تقرر تحریک انصاف کی مشاورت سے کیا گیا ۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ تقرر شفاف طریقہ کار اور میرٹ پر ہوا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ نادرا کے چیئرمین کے تقرر کے حوالے سے تحریک انصاف سمیت کسی سیاسی جماعت سے مشاورت نہیں کی گئی ۔ یہ تقرر شفاف طریقہ کار اور میرٹ پر کیا گیا ہے ۔ اس حوالے سے انٹرنیشل ٹینڈر دیا گیا اور 140 میں سے 10 افراد کو شارٹ لسٹ کیا گیا ۔ اس کے بعد وزیر داخلہ نے چیئرمین نادرا کے تقرر کے لیے نام وزیر اعظم کو بھجوایا جس کی انہوں نے منظوری دے دی۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ قومی اداروں کے سربراہان کا تقرر سیاسی مصلحتوں سے بالا ہو کر کیا جاتا ہے ۔ اس سے پہلے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں کہا تھا کہ چیئرمین نادرا کا تقرر تحریک انصاف کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔