پاکستان
31 مارچ ، 2015

یمن کی صورتحال پر اجلاس، پاکستانی وفد آج دوپہر سعودی عرب جائیگا

یمن کی صورتحال پر اجلاس، پاکستانی وفد آج دوپہر سعودی عرب جائیگا

اسلام آباد .....وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت اعلی سطح کے اجلاس میں پاکستانیوں کی وطن واپسی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، اس موقع پر وزیر اعظم نے مزید پاکستانیوں کو لانے کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت بھی کی جبکہ یمن کی صورتحال پر بات چیت کیلئے پاکستانی وفد آج دوپہر ایک بجے سعودی عرب جائیگا۔ وزیر اعظم نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں یمن کے معاملے پر بات چیت کیلئے پاکستانی وفد کو آج سعودی عرب بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف، مشیر سلامتی سرتاج عزیز اور عسکری حکام پر مشتمل ہو گا۔وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس پی ایم ہاوس اسلام آباد میں ہوا، جس میں یمن میں جنگ کے باعث محصور پاکستانیوں کی واپسی کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعظم نے پہلے مرحلے میں پاکستانیوں کی محفوظ واپسی کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو یمن میں رہ جانے والے پاکستانیوں کی بخیریت واپسی کے انتظامات تسلی بخش کر نے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں پاکستانی وفد سعودی عرب بھیجنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وفد سعودی عرب کی سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لے گا۔ اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، وزیر دفاع خواجہ آصف، مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے ۔

مزید خبریں :