31 مارچ ، 2015
لاہور ......لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں ینگ ڈاکٹرز نے تنخواہوں میں اضافے اور سروس اسٹرکچر میں بہتری کے مطالبے کے حق میں احتجاجی مظاہرے کئے ہیں۔لاہور ، ملتان ،فیصل آباد ، رحیم یار خان سمیت پنجاب کے مختلف شہروںمیں ینگ ڈاکٹرز ایک بار پھر تنخواہوں میں اضافہ کا مطالبہ لے کر سڑکوں پر آگئے ہیں ،جس کے باعث سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا ہے،شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہیں جبکہ سرکاری اسپتالوں میں کام چھوڑ کر احتجاج کرنیوالوں ڈاکٹروں کے مریض منتظر ہیں ۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے سروس اسٹرکچر کی بحالی اور دیگر مطالبات کے حق میں کام چھوڑ ہڑتال کرکے احتجاجی ریلیاں نکالی، جس سے شہریوں اور مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ملتان کے تمام اسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے سروس اسٹرکچر کی بحالی اور دیگر مطالبات کے حق میں کام چھوڑ ہڑتال کی جارہی ہے۔ ڈاکٹرز نے نشتر اسپتال سے جیل روڈ تک احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی۔ فیصل آباد کے سول اور الائیڈ اسپتال میں بھی ینگ ڈاکٹرز نے ہڑتال کی وجہ سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ ینگ ڈاکٹرز نے سول اور الائیڈاسپتال کے سامنے احتجاجی مظاہرے کرکے مطالبات کے حق میں اور حکومت پنجاب کیخلاف نعرے بازی کی۔ رحیم یار خان میں شیخ زید اسپتال کے ینگ ڈاکٹرز نے ہڑتال کی اور احتجاجی ریلی بھی نکالی۔