04 اپریل ، 2015
ملتان.......چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ منظور احمد ملک نے کہا ہے عوام کو بروقت انصاف نہ ملے اور وہ ہم سے مطمئن نہ ہو ، تو ہمارا کوئی مقصد نہیں ۔ سسٹم کو خراب کہنے والے سمجھ جائیں ، دنیاوی معاملات ہمارے کنٹرول میں ہیں ، سسٹم کو خود ٹھیک کریں ۔ یہ بات انہوں نے ملتان ہائی کورٹ میں سرکاری اداروں کے سربراہان اور ججز سے خطاب کرنے کے دوران کہی ۔ انہوں نے کہا کہ فوری انصاف کی فراہمی میں پولیس اور ایڈمنسٹریشن کا کردار بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا عدلیہ کا ہے ۔ گواہوں اور وکلاء کو تحفظ دینا پولیس کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سیاسی مسائل نہیں ہیں ہمارا کام صرف لوگوں کو انصاف کی فراہمی ہے ۔ بروقت انصاف نہ ملنے پر عدم برداشت پیدا ہوتا ہے اور تشدد کا عنصر ابھرتا ہے جس سے معاشرے میں توازن برقرار نہیں رہتا ۔ ادارے معاشرے میں توازن برقرار رکھنے کے لئے بنے ہیں ۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے کہا کہ ہم سب کو مل کر نئے جذبے سے کام کرنا ہو گا ۔ ہم تنقید کرتے ہیں تو تعمیر بھی ہمیں ہی کرنی ہے ۔ انہوں نے حکم دیا کہ ملتان ریجن کے تمام اضلاع کی عدالتوں کے اوقات میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ بند کی جائے تا کہ عدالتی کارروائی میں متاثر نہ ہو۔