پاکستان
05 اپریل ، 2015

تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا اہم اجلاس آج ہوگا

تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا اہم اجلاس آج ہوگا

اسلام آباد.............تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس آج اسلام آباد میں ہورہا ہے ، جس میں پارٹی کی پارلیمنٹ میں واپسی اور کل ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکا اجلاس میں شرکت سمیت کئی ایک اہم امور زير غور آئیں گے۔ پی ٹی آئی کا مطالبہ پورا ہوچکا۔دھاندلی کی تحقیقات پر حکومت سے معاہدہ بھی ہوگيا۔ معاہدے کے مطابق جوڈيشل کمیشن کے آرڈیننس پر صدر مملکت نے دست خط کردیئے ۔ عمران خان نے اسمبلیوں میں واپسی کی آخری شرط یہ رکھی تھی کہ جوڈيشل کمیشن بن جائے تو وہ استعفے واپس لے کر اسمبلیوں میں آجائيں گے۔ اب جوڈيشل کمیشن کی تشکیل میں تمام رکاوٹیں دور ہوچکی ہيں۔پی ٹی آئی اسی معاملے پر آج کور کمیٹی میٹنگ میں غور کرے گی کہ آیا اسمبلیوں میں واپسی کا وقت آن پہنچا ہے یا ابھی مزید انتظار کرنا چاہیے۔ عمران خان تسلیم کرچکے ہيں کہ اس معاملے پر ان کی جماعت میں اختلاف رائے پایا جاتا ہے ۔آج کی کور کمیٹی میٹنگ کادوسر اہم ایجنڈا جوڈیشل کمیشن کا قیام ہے کہ آیا جوڈيشل کمیشن کب کام شروع کرے گا اوراس کے ممکنہ فیصلے پر پی ٹی آئی کی اگلی حکمت عملی کیا ہوگی ۔آج کی کور کمیٹی ہی یہ فیصلہ بھی کرے گی کہ آیا پی ٹی آئی کو کل یمن کے معاملے پر ہونے پارلیمنٹ کے مشترکا اجلاس میں شرکت کی جائے یا نہیں جبکہ پی ٹی آئی یمن کے معاملے پر اپنی پالیسی کو بھی حتمی شکل دے سکتی ہے ۔بات نکلے گی تو پھر کراچی تک بھی آئے گی، ساتھ ہی این اے دو سو چھالیس کے ضمنی انتخاب کا معاملہ بھی زیر غور آسکتا ہے ، جہاں تحریک انصاف اور متحدہ کے درمیان محاذ آرائی عروج پر ہے اور متحدہ کے گڑھ عزيز آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے کا معاملہ بھی زیر غور آسکتا ہے۔

مزید خبریں :