08 اپریل ، 2015
کراچی........تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں پہلی بار دھاندلی کے خلاف آزاد تحقیقات ہوں گی،2015ءالیکشن کا سال ہوگا اور یہ شفاف الیکشن ہوگا،مجھے لگ رہا ہےکہ اس سال انتخابات ہوں گے،پاکستان میں نئی تاریخ بن رہی ہے،پہلی مرتبہ کسی انتخابات کی تحقیقات ہورہی ہے،جو جیتا اور جو ہارا سب نے کہاکہ دھاندلی ہوئی۔عمران خان نے جیونیوزکے پروگرام ‘‘آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ جوڈیشل کمیشن کا قیام چاہتا تھا جو بن گیا،کم از اکم اگلا الیکشن شفاف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دھرنا ملک میں جمہوریت کےلیے تھا، ایک وقت میں نیوٹرل امپائرکی بات کی توایک لابی میرے خلاف ہوگئی،4 حلقے کھولنے کا کہتارہا، نہ کھولنے پر سڑکوں پر نکلا، جوڈیشل کمیشن بننے کے بعد اسحاق ڈار نے پارلیمنٹ آنے کی دعوت دی تھی،جوڈیشل کمیشن سے کم سے کم ایسا ہوگا کہ آئندہ انتخابات شفاف ہوں گے۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ میں سخت قسم کی تقرریں سننے سے مجھ جیسے شخص پر کوئی اثر نہیں پڑتا، پارلیمنٹ آکرکوئی غلطی نہیں کی،سوچ رہا تھا کہ پارلیمنٹ میں میرے خلاف کیسی زبان استعمال کی جارہی ہے،نوازشریف نے خواجہ آصف کو پورا موقع دیا،کوئی انسان دوسرے انسان کو ذلیل نہیں کرسکتا،مجھے اسمبلی میں آنے کی دعوت دی گئی،درباری نوازشریف کوراضی کرنے لگ گئے،پارلیمنٹ میں دلیل کی بات ہوتی ہے،ایسی زبان استعمال نہیں کی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ کیا پاکستان کےحالات ایسے ہیں کہ ہم کسی جنگ کا حصہ بن سکیں؟ میں نے کہاتھاکہ امریکا کی جنگ میں نہ پڑو، یمن کی صورتحال کی وجہ سے پارلیمنٹ میں جلدی آگئے،مجھے طالبان خان اور داڑھی کےبغیر دہشت گرد کہاگیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دھرنا تاریخی تھا، ایم کیوایم نے حلقے کو نوگوایریا بنایا ہوا ہے،کوشش کروں گا کہ کل میرے ساتھ حلقے میں ریحام خان بھی جائیں۔ عمران خان نے کہا کہ کمپرومائیزکرنا پڑتا ہے،سب سے بڑا کمپرومائیزشادی ہوتی ہے،انتخاب بھرپورطریقے سے لڑیں گے،اگر ہارے تو اپنی غلطیاں اور کمزوریاں ختم کریں گے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں جماعت اسلامی ہماری اتحادی ہے، جماعت اسلامی سے حمایت کےبارے میں بات کریں گے ،موجودہ حالات میں کراچی آگے نہیں بڑھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کو میانوالی میں انتخابی مہم کی دعوت دیتا ہوں،الطاف حسین میانوالی اور لاہورآئیں ان کوخوش آمدید کہیں گے،کوشش کرتا ہوں کہ اردو بولنے والوں کو کراچی میں اکھٹاکرسکوں۔