22 اپریل ، 2015
پشاور.....خیبرپختونخوا کے پیرا میڈیکل اسٹاف نے مطالبات تسلیم نہ ہونے پر صوبہ بھرمیں احتجاج کا آغاز کرتے ہوئے اسپتالوں میں کام کا بائیکاٹ کر دیا ہے، جس سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ خیبرپختونخوا پیرا میڈیکس ایسوسی ایشن کی کال پر صوبہ کے تمام اضلاع میں اسپتالوں میں کام سے بائیکاٹ کا سلسلہ جاری ہے۔پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں بھی پیرامیڈیکس ممبران جمع ہوئے اور دھرنا دیا۔ اس موقع پر پیرا میڈیکس ایسوسی ایشن کے عہدیداران کا کہنا تھا کہ حکومتی یقین دہانی کے باوجود انکی اپ گریڈیشن نہیں کی گئی اور نہ ہی انھیں سروس اسٹرکچر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مطالبات تسلیم ہونے تک صوبہ بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری رہیگا۔ تاہم اسپتالوں میں مریضوں کو ایمرجنسی کور دیا جارہا ہے۔ پیرامیڈیکل اسٹاف کے احتجاج کے باعث لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ایکسرے ، پتھالوجی اور کارڈیالوجی سمیت دیگر کئی شعبے بند پڑے ہیں۔ جس سے مریضوں اور ان کے رشتے داروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔