08 مئی ، 2012
گڑھی خیرو … مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ سارا جھگڑا 550 کروڑ روپے کا ہے، جو ملک کا ہے زرداری کا نہیں، گیلانی صاحب ہوش کے ناخن لیں، کہیں پا نی سر سے نہ گزر جائے، ملک کے موجودہ حالات کے ذمہ دار آصف زرداری ہیں، سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کے بعد اب گیلانی کے پاس کونسا راستہ ہے، اچھا ہوتا اگر پہلے ہی عزت سے چلے جاتے، گیلانی جائیں گے تو خورشید شاہ آئیں گے، وہ جائیں گے تو کوئی اور آجائے گا، پاکستان کی خود مختاری داوٴ پر لگی ہوئی ہے، ایک طرف مسائل کے انبار ہیں، دوسری طرف عدلیہ کی توہین ہو رہی ہے، پیپلزپارٹی کو 4 بار حکومت ملی انہوں نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف سندھ کے علاقے گڑھی خیرو میں جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ زرداری صاحب سے ذاتی دشمنی نہیں، انہوں نے جو پاکستان اور سندھ کے عوام کے ساتھ کیا اور جس طرح پاکستان کو چلایا اور چلانے کی کوشش کررہے ہیں خدانخواستہ ملک ڈوب نہ جائے، ہم پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گیلانی صاحب آپ نے قانون سے انحراف کیا، ہوش کے ناخ لیں کہیں پانی سر سے نہ گزر جائے، گیلانی صاحب کو چاہئے تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد خود ہی وزارت عظمیٰ چھوڑ کر چلے جاتے۔ نواز شریف کا کہنا ہے کہ گیلانی صاحب کہتے ہیں سوئس بینکوں میں موجود 550 کروڑ روپے پاکستان نہیں آئے گا، سپریم کورٹ کہہ رہی ہے کہ لوٹی گئی رقم واپس لائی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خود مختاری داوٴ پر لگی ہوئی ہے، مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، پیپلز پارٹی کو 15سال ملے، لوگ 2 وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں، ہمیں 2 باریاں ملیں اور قوم کی تقدیر بدل دی۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ سے ملنے آیا ہوں، ووٹ مانگنے نہیں، سندھی بھائی بتائیں 4سال میں حکومت نے کیا کارنامہ انجام دیا، کیا یہ خدمت ہے کہ لوگوں کے پاس کپڑے نہیں، کھانے کو کچھ نہیں، رہنے کو مکان نہیں، بیماروں کے پاس علاج کے پیسے نہیں، آج لوگوں کے پاس روزگار نہیں، پاکستان کو دنیا میں تنہا کردیا گیا، ملکی خود مختاری داوٴ پر لگی ہوئی ہے۔ انہو نے کہا کہ جو معاملات خراب تھے انہیں مزید خراب کردیا گیا، پیپلز پارٹی والے اپنے ووٹرز تک کا خیال نہیں رکھتے، لوٹی ہوئی دولت واپس آجائے تو پورے جیکب آباد کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ ایک طرف مسائل کے انبار ہیں، دوسری طرف عدلیہ کی توہین ہو رہی ہے، سپریم کورٹ کے آج کے فیصلے کے بعد اب یوسف رضا گیلانی کے پاس کونسا راستہ ہے، اچھا ہوتا اگر وہ پہلے ہی عزت سے چلے جاتے۔