پاکستان
10 مئی ، 2012

پنجاب کی بجلی بحال نہ ہوئی تو اسلام آباد کی طرف مارچ کرینگے، شہباز شریف

پنجاب کی بجلی بحال نہ ہوئی تو اسلام آباد کی طرف مارچ کرینگے، شہباز شریف

لاہور … وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں بجلی بند کرنا صدر زرداری اور وفاق کی سازش ہے، علی بابا چالیس چور پنجاب کی بجلی لوٹ کر لے گئے، اگر پنجاب کی بجلی بحال نہ کی گئی تو اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے۔ لاہور کے علاقے چونگی امر سدھو میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہریوں کی بڑی تعداد نے احتجاج کیا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی آکر شریک ہوگئے، انہوں نے مظاہرین کے ساتھ مل کر وفاقی حکومت کے خلاف نعرے بھی لگائے۔ شہباز شریف نے مظاہرین سے کہا کہ سرکاری املاک کو نقصان نہ پہنچائیں، جب تک بجلی بحال نہیں ہوگی میں آپ کے ساتھ رہوں گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے لوڈ شیڈنگ کیخلاف مظاہرہ کرنے والوں کے ساتھ مل کر نعرے لگائے، گرتی ہوئی دیوار کو ایک دھکا اور دو، بجلی بحال کرو ورنہ چھٹی کرادیں گے، انہوں نے مظاہرین سے سوال کیا کہ ظالموں سے حساب لوگے، اسلام آباد تک مارچ کرو گے۔ انہوں نے کہا کہ علی بابا 40 چور پنجاب کی بجلی لوٹ کرلے گئے، اگر پنجاب کی بجلی بحال نہ کی تو اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے اور اس کیلئے میں پنجاب کے ہر کونے پر جاوٴں گا۔ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پنجاب کے شہروں میں بجلی نہ ہونا پنجاب کے عوام کے خلاف سازش ہے، جس کے ذمہ دار صدر زرداری اور وفاق ہیں۔ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کیخلاف چونگی امر سدھو پر شہریوں کی بڑی تعداد نے مظاہرہ کیا جس میں عام لوگوں کے علاوہ تاجروں اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی۔

مزید خبریں :