پاکستان
01 جون ، 2015

اقتصادی راہداری کی خوشخبری بھارت کیلئے سوگ کی خبر ہے، سرتاج عزیز

اقتصادی راہداری کی خوشخبری بھارت کیلئے سوگ کی خبر ہے، سرتاج عزیز

اسلام آباد.......این این آئی.......وزیر اعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری بننے کی خوشخبری بھارت کے لیے سوگ کی خبر ہے، قومی یکجہتی اور اقتصادی خوشحالی سے ہی پاکستان کی ترقی اور بقاء ممکن ہے،ٗ پاکستان کے ایٹمی قوت بننے سے بھارت کے ناپاک عزائم خاک میں ملے، بھارتی سازشیں سفارتی سطح پر بے نقاب کریں گے اور ٗکشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی مدد فراہم کرنا ہمارا فرض ہے۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سرحد پار مسلمانوں کی بدحالی دیکھ کر پاکستان کی اہمیت کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے،ٗ پاکستان کے ایٹمی قوت بننے سے بھارت کے ناپاک عزائم خاک میں ملے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری بننے کی خوشخبری بھارت کیلئے سوگ کی خبر ہے اور بھارت کی سازشیں سفارتی سطح پر بے نقاب کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کو بدنام کرنے کے لئے دہشتگردی کے جھوٹے واقعات سامنے لارہا ہے، ٗدشمن کی ریشہ دوانیاں بڑھنے کے باعث دوقومی نظرئیے کی ضرورت اب پہلے سے زیادہ ہے، پاکستان مسئلہ کشمیر سے متعلق نئی اور مضبوط حکمت عملی مرتب کررہا ہے، انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے دور حکومت میں کشمیریوں کی آزادی کی جدو جہد میں تیزی آئی اور اب کشمیری اپنے حقوق کے لیے کھڑے ہو رہے ہیں، کشمیریوں کا اخلاقی، سیاسی اور سفارتی مدد فراہم کرنا ہمارا فرض ہے، انہوں نے کہا کہ بھارت خطے پر اپنے غلبے کا خواہشمند ہے، جس کی اجازت اسے نہیں دی جائے گی۔ مشیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور پورے خطے کا مستقبل پاک چین اقتصادی راہداری کی تکمیل سے جڑا ہوا ہے۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ صحیح اسلامی تشخص سے ہی دہشتگردی سے چھٹکارا مل سکتا ہے۔ نوجوان نسل کو اسلامی اساس اور نظریہ پاکستان سے روشناس کرانا چاہیے۔ مشیر خارجہ نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان اور ضرب عزب کے ذریعے دہشتگردوں کے خلاف موثر کارروائیاں جاری ہیں، پاکستان کی افواج دنیا کی بہترین افواج میں شامل ہے، جو ملکی سرحدوں کی حفاظت کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، تاہم ہمیں جغرافیائی سرحدوں کے ساتھ ساتھ نظریاتی سرحدوں کی حفاظت بھی کرنا ہوگی۔ سرتاج عزیز نے مزید کہا کہ ملک کی اقتصادی حالت بہتر ہو رہی ہے، پاک چین اقتصادی راہداری سمیت دیگر منصوبوں سے مستبقل میں غربت اور بے روزگاری کے خاتمے سمیت دوسروں پر انحصار بھی کم ہوگا۔

مزید خبریں :