پاکستان
10 جون ، 2015

بھارت سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت کا اہل نہیں،سرتاج عزیز

بھارت سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت کا اہل نہیں،سرتاج عزیز

اسلام آباد ......وزیراعظم پاکستان نوازشریف کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ بھارت سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت کا اہل نہیں ، بھارت کا پاکستانی حدود میں مداخلت کا اعتراف اور اس کی ایجنسیوں کا پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کا کردار اس کی ریاستی پالیسی ہے، عالمی برادری اس کانوٹس لے ۔ان کاکہنا ہےکہ مودی کےبیان سے نہ صرف ماحول خراب ہوا بلکہ اس سے دونوں ملکوں کےدرمیان امن کوششوں کونقصان ہوگا۔ سینٹ میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے پالیسی بیان میں کہاکہ یہ بات قابل افسوس ہے کہ بھارتی سیاستدان اقوام متحدہ کے چارٹرڈ کی خلاف ورزی میں ملوث ہیں ،بھارتی سیاستدان دوسرے ممالک میں مداخلت پر فخر محسوس کرتے ہیں ، مودی کے ڈھاکہ یونیورسٹی میں دیےگئےبیان سے نہ صرف ماحول خراب ہوا بلکہ یہ پاکستان کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے کے حوالے سے بھارتی خلوص پر سوالیہ نشان بھی ہے ،ایسے بیان سے دونوں ملکوں کے درمیان امن کی کوششوں کو نقصان ہوگا،مودی کے بیان کو بھارتی وزیر دفاع کے بیان کے ساتھ منسلک کرکے دیکھا جائے۔ سرتاج عزیزکا کہنا تھا کہ پاکستان کو دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بہت چیلنجز درپیش ہیں ، پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی اجاز ت نہیں دینگے۔ مشیرخارجہ نےکہاکہ بھارتی وزیر اعظم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مستقل نشست حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن دوسری طرف بھارت جموں کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کررہاہے،بنگلہ دیش میں ایسے بیانات پاکستان کیخلاف نفرت بڑھانے کی کوشش ہیں ،بھارت پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تنازعات پیداکرنے میں کامیاب نہیں ہوگا جبکہ پاکستان سفارتی سطح پر بھارت کی مشرقی پاکستان میں مداخلت کو دنیا میں بے نقاب کریگا ۔

مزید خبریں :