پاکستان
15 جون ، 2015

قومی اسمبلی پاکستان آرمی ترمیمی آرڈیننس،ایم کیو ایم کا شدید احتجاج

قومی اسمبلی پاکستان آرمی ترمیمی آرڈیننس،ایم کیو ایم کا شدید احتجاج

اسلام آباد......قومی اسمبلی نے پاکستان آرمی ترمیمی آرڈیننس 2015ءمیں 120 دن کی توسیع کی منظوری دے دی۔ ایم کیو ایم نے شدید مخالفت کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔اس کے رہنماؤں کی وزیر دفاع سے جھڑپ بھی ہوئی۔ قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے دوران وزیردفاع خواجہ آصف نے پاکستان آرمی ترمیمی آرڈیننس 2015میں توسیع کی قرارداد پیش کی تو ایم کیو ایم نے شدید مخالفت کی۔ ایم کیو ایم کے ارکان نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہوکر احتجاج شروع کر دیا۔ رشید گوڈیل کا کہنا تھا کہ خواجہ یہ قرارداد رولز کے خلاف ہے۔ اس پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ایم کیو ایم کو خطرہ ہے کہ پاکستان آرمی ترمیمی آرڈیننس کے ذریعے ان کے کالے کرتوت سامنے آجائیں گے، ایم کیو ایم والوں کو پتہ ہے کہ قانون کے ہاتھ ان کے گریبان تک پہنچ گئے ہیں۔ اس دوران ایم کیو ایم کے ارکان شدید احتجاج کرتے رہے۔ اس پر رشید گوڈیل نے کہا کہ انہوں نے تو صرف رولز کی بات کی تھی لیکن خواجہ آصف کے اندر کا آدمی باہر آگیا ہے، سیالکوٹ کے لوگ جانتے ہیں کہ کون کیا تھا اور آج کیا ہے،وہ وقت بھی یاد ہے جب یہ معافی مانگتے پھرتے تھے۔ اس پر خواجہ آصف دوبارہ کھڑے ہو گئے اور کہا کہ ایم کیو ایم والے فجر کے وقت بولتے ہیں اور ظہر کے وقت معافی مانگ لیتے ہیں۔ تحریک انصاف کی شیریں مزاری نے کہا کہ پارلیمنٹ سیشن میں ہے توآرڈیننس میں توسیع کرانے کی بجائے حکومت بل پاس کرانے کے لیے اسمبلی میں لانا چاہیے تھا۔ اس سے قبل قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو ا سپیکر ایاز صادق نے پاک فوج کو کامیاب آپر یشن ضرب عضب پرخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال کے دوران مسلح افواج نے 90فیصد علاقہ کلیئر کرا لیا ہے۔ بعد میں شیخ آفتاب نے پاک فوج کے شہداء کے لیے قرآن خوانی بھی کرائی۔

مزید خبریں :