19 جون ، 2015
لاہور........رمضان المبارک میں اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کےلیے ملک بھر میں لاکھوں مسلمانوں نے سربسجود ہوکر نماز جمعہ ادا کی۔ بحریہ ٹاؤن مسجد لاہور میں عالم دین مولانا طارق جمیل نے اپنے خطاب سے شرکا ءکے جذبۂ ایمانی کو گرمایا۔بحریہ ٹاؤن لاہور کی جامع مسجد میں ہزاروں مرد وں اور خواتین نے نماز جمعہ ادا کی۔ معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے اپنے خطبۂ جمعہ میں رمضان کے مہینے اور روزے کی فضیلت بیان کی۔مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ آج دہری خوشی کا مقام ہے ایک یکم رمضان اور دوسرا جمعے کادن، اس ماہ مبارک مسلمان اللہ سے گناہوں کی معافی مانگیں اور رحمتیں سمیٹیں۔ مولانا طارق جمیل کی امامت میں ہزاروں افراد نے نماز جمعہ ادا کی، دعا کے دوران رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔نماز جمعہ کے موقع پر بحریہ ٹاؤن اور شہر کی دیگر مساجد میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔