23 جون ، 2015
کراچی.........سندھ میں بجلی کے بحران پر پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری نے وزیر اعظم نواز شریف کو خط لکھا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سندھ کو 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے اگر وزیر اعظم صورتحال کا نوٹس لیں تو وہ شکر گزار ہوں گے۔کراچی سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم کو لکھے گئے خط میں آصف زرداری کا کہنا ہے کہ گرم موسم میں بجلی کے بحران پر قابو پانے لیے فوری اقدامات کیے جائیں ۔ 13 مئی کو ہونے والی ملاقات میں وزیر اعظم سے اس مسئلے پر بات کی تھی لیکن وفاقی وزارت پانی و بجلی نے مسئلے کو حل کرنے کے لیے اقدامات نہیں کیے جس کے باعث سندھ کے اکثر علاقوں میں 20 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے۔ سابق صدر نے کہا کہ سندھ حکومت وفاق کو 2 ارب چالیس کروڑ روپے کے واجبات ادا کر چکی ہے اوراب وفاقی وزارت پانی و بجلی کو نوڈیرو اور دادو میں چھوٹے پاور پلانٹس کی ادائیگیوں کا مسئلہ حل کرنا چاہیے۔ جبکہ چھوٹے ہائیڈرو پلانٹس اور ہوا سے پیدا ہونے والی توانائی کے ٹیرف کے مسئلے کو حل کرنے کے ساتھ سندھ میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے ۔