23 جون ، 2015
اسلام آباد .....وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے برطانیہ کو عمران فاروق قتل کیس میں گرفتار ایک ملزم سے تفتیش کی اجازت دیدی ہے،2 رکنی برطانوی ٹیم اس ہفتے کے آخر تک پاکستان پہنچ جائیگی۔میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عمران فاروق قتل کیس میں اب تک 3 افراد انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت حراست میں ہیں، ان میں سے 2 ماہ قبل کراچی سے حراست میں لیا گیا شخص بھی شامل ہے، جس تک برطانوی حکام کو رسائی دیدی ہے، لندن میٹروپولیٹن پولیس کی ٹیم ایک ہفتے میں پاکستان آ کر اس سے تفتیش کریگی۔ان کا کہناتھا کہ عمران فاروق قتل کیس کی تفتیش بالکل شفاف ہوگی ،جے آئی ٹی پہلے خود تفتیش کریگی، بعد میں برطانیہ سے شیئر کیاجائیگا،برطانیہ سے تفتیش کیلئے آنیوالی ٹیم کے ارکان میں بعد میں اضافہ ہو سکتاہے،قتل کیس میں گرفتار ملزمان تاحال ایف سی کی تحویل میں ہیں۔آصف زرداری کی وضاحتوں پر تبصرہ کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ زرداری کوایسی تقریرنہیں کرنی چاہیےتھی جسکی اب وضاحتیں دینی پڑرہی ہیں،ان کی وضاحتیں بیان سے بڑا مذاق ہے۔ان کا کہناتھا کہ ایان کیس وزارت داخلہ یا ایف آئی اے کے دائرہ کار میں نہیں ،کل ایان کیس سے متعلق اہم اجلاس ہو گا ،اصل بات یہ ہے کہ ماڈل گرل کے پیچھے کون تھا۔