23 جون ، 2015
کراچی.......کراچی میں شدید گرمی سے اب تک 675 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ حکام کے مطابق سیکڑوں مریض اب بھی مختلف سرکاری و نجی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ کراچی میں تین روز سے جاری قیامت خیز گرمی 600سے زائد افراد کی زندگی کا چراغ گل کرچکی ہے۔ ترجمان جناح اسپتال ڈاکٹر جاوید جمالی کے مطابق گزشتہ 4 روز کے دوران 201 افراد مردہ حالت میں اسپتال لائے گئے۔ عباسی شہید اسپتال کی سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر سلمٰی کوثر کے مطابق کے ایم سی کے مختلف اسپتالوں میں 112 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سول اسپتال میں 86افراد انتقال کرگئے،نیوکراچی اسپتال میں 15 افراد مردہ حالت میں لائے گئے۔ لیاقت نیشنل اسپتال میں اب تک 59 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ قطر اسپتال میں آنے والے 50 افراد میں سے 32 افراد اور ضیاء الدین اسپتال میں 38 افراد جان سے گئے۔ قومی ادارہ امراض قلب میں 64 افراد مردہ حالت میں اسپتال لائے گئے۔قومی ادارہ برائے صحت اطفال 35 بچے انتقال کرگئے۔ اس کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں گرمی سے درجنوں افراد کے گھروں میں انتقال کرجانے کی اطلاعات بھی ہیں۔ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ قوت مدافعت میں کمی کے باعث لوگوں کو با آسانی لو لگ جاتی ہے اس لئے گرم موسم میں بلا وجہ گھر سے باہر نہ نکلاجائے اورپانی سے بار بار منہ کو دھویا جائے۔ ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہنیں، بجلی نہ ہونے کی صورت میں ہاتھ والے پنکھے استعمال کریں۔ سحر وافطار میں پانی کا استعمال زیادہ کریں ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سخت گرم موسم میں کھانے میں چائے، کافی اور سوڈا کا استعمال نہ کیا جائے۔