26 جنوری ، 2012
اسلام آباد … وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہاہے کہ 8 خود کش حملہ آوروں کی اسلام آباد اور راولپنڈی آمد کی اطلاع ہے جبکہ کراچی میں تیسری قوت فرقہ وارانہ فساد کرانا چاہتی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ خفیہ ایجنسیوں نے 8 خود کش حملہ آوروں کی جڑواں شہروں میں آمد کی اطلاع دی ہے جس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی کے حالات خراب کرکے ملکی حالات بگاڑنے کی کوشش کی جارہی ہے، وہاں رینجرز اور پولیس کی فورس بڑھائی جارہی ہے۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ میرانشاہ اور گلگت سے آئے کچھ افراد کراچی میں فسادات کرارہے ہیں، کراچی میں وکلاء قتل کیس میں کچھ افراد گرفتار بھی کیے ہیں، باقی کی گرفتاری کے لئے چھاپے جاری ہیں۔ رحمان ملک نے کہا کہ لاہور کے ادویہ اسکینڈل میں 6 کمپنیاں ملوث ہیں، 3 کے مالکان گرفتار کرلیے ہیں، معلوم کررہے ہیں کہ ان ادویہ کمپنیوں سے اسپتال نے کیوں معاہدہ کیا۔ وزیر داخلہ نے بتایاکہ الفا فارما اور میگا کمپنی کے لائسنس منسوخ کردیئے گئے ہیں ۔