01 جولائی ، 2015
اسلام آباد.......انکوائری کمیشن کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہاکہ اگر عوام کے ووٹ سے حکومتیں تبدیل نہ ہوں تو صرف مارشل لا کا راستہ رہ جاتا ہے ،ان کی شدت سے خواہش تھی کہ کمیشن میں بیان دیتے مگر وکلا نے روک لیا ۔جوڈیشل کمیشن کی کارروائی کے بعد عمران خان نے کہا کہ مخصوص حلقوں میں اضافی بیلٹ پییرز بھجوائے گئے یہ الیکشن کمیشن کا نہیں ، سیاسی فیصلہ تھا۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھاکہ ایسے الیکشن کا فائدہ نہیں جس میں عوام ووٹ کسی کو دیں اور حکومت کسی اور کی بن جائے ، عوام ن لیگ کے ساتھ ہے تو مینار پاکستان بھرنے کا چیلنج قبول کرے ۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھاکہ 1977 میں مارشل لا آیا تو صرف دس حلقوں میں دھاندلی پر عوام نکلےتھے، یہ الیکشن تو کہیں زیادہ متنازع ہیں ،پر امن انقلاب کا راستہ روکا جائے تو ملک میں مارشل لا کا راستہ ہی رہ جاتا ہے ، عمران خان نے انکوائری کمیشن کی کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا اور ایک بار پھر کہا جو فیصلہ بھی آیا قبول ہوگا، الیکشن کمیشن نے جو 2013 میں کیا آئندہ نہیں کرسکے گا۔