پاکستان
01 جولائی ، 2015

سانحہ صفورہ کے ملزمان کی گرفتاری کیلئے عوام سے مدد طلب

سانحہ صفورہ کے ملزمان کی گرفتاری کیلئے عوام سے مدد طلب

کراچی........کراچی پولیس نے سانحہ صفورہ کے ملزموں کی تصاویر اور خاکے جاری کردیے ہیں۔ کراچی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ میں نیوز کانفرس کرتے ہوئے انسپکٹر راجہ عمر خطاب کا کہنا تھا کہ سانحہ صفورہ کا منصوبہ ملزمان نے دو ماہ قبل بنایا، 5مرتبہ بس کی ریکی کی اور علاقے کا نقشہ بھی بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ حملے سے قبل ملزمان نے 7میٹنگز بھی کیں۔ ملزمان نے واردات کیلئے 6پوائنٹس بنائے تھے جہاں ان کے دیگر ساتھی موجود تھے۔ انسپکٹر راجہ عمر خطاب کے مطابق اسی دہشت گرد گروپ نے این جی او کی ڈائریکٹر سبین محمود کو بھی قتل کیا ہے۔ ملزم سعد عزیز نے دو مرتبہ سبین محمود کے پروگرامز میں بھی شرکت کی۔ گروپ کے سربراہ ملزم طاہر حسین عرف انکل کا تعلق القاعدہ سے ہے جو کراچی اور حیدر آباد میں گروپ کی کمان کرتا تھا۔ انسپکٹر راجہ عمر خطاب کے مطابق گرفتار 5ملزمان کی جے آئی ٹی مکمل کرلی گئی ہے جبکہ ملزمان کا پولی گراف ٹیسٹ بھی کروایاگیا ہے،جبکہ ملزمان کی فنڈنگ کے لئے بھارتی خفیہ ایجنسی را سے رابطے کو رد نہیں کیا جاسکتا ہے۔ ملزمان کے قبضےسے ہٹ لسٹ بھی ملی ہےجس میں میڈیا کے افراد، فیشن ڈیزائنر، این جی اوز سمیت سرکاری اداروں کے ملازمین شامل ہیں۔

مزید خبریں :