پاکستان
01 جولائی ، 2015

زیدحامد کو سعودی عرب میں8 سال قید اور ایک ہزار کوڑوں کی سزا کی اطلاعات

زیدحامد کو سعودی عرب میں8 سال قید اور ایک ہزار کوڑوں کی سزا کی اطلاعات

کراچی.......سوشل میڈیا اور انٹرنیشنل میڈیا پر پاکستان کے ایک تجزیہ کار اور متنازع شخصیت زید حامد کو 8 سال قید اور ایک ہزار کوڑوں کی سزا کی خبریں گردش میں ہیں، تاہم سرکاری سطح پر پاکستان اور سعودی عرب نے اس بات کی تصدیق نہیں کی ہے۔ کچھ ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پر معروف زید حامد کے بارے میں خبریں گرم ہیں کہ انہیں 8 سال قید اور ایک ہزار کوڑوں کی سزا سنائی گئی ہے۔ زید حامد کو اپنی اہلیہ کے ساتھ جون کے اوائل میں مدینہ جاتے ہوئے حراست میں لیا گیا تھا۔ انہیں مدینہ منورہ میں سعودی عرب یا سربراہ مملکت یا مملکت کی پالیسی کے خلاف کسی رائے پر حراست میں لیا گیا تھا، معاملہ ابھی تک انوسٹی گیشن بیورو میں زیر تفتیش ہے، سعودی عرب میں تفتیش مکمل ہونے کے بعد قاضی کی عدالت میں کیس منتقل ہوگا جہاں زید حامد کے مستقبل کے بارے میں اصل فیصلہ ہونا ہے۔ اسلام آباد میں ایک پریس بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ پاکستان کے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے تصدیق کی کہ زید حامد کو دو ہفتے قبل گرفتار کیا گیا تھا۔ پاکستانی سفارت خانہ ان تک رسائی کے لیے کوشش کررہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سفارت خانے کی کوششوں کے باعث 30 جون کو زید حامد کی اہلیہ کی ان سے ملاقات کرائی گئی ہے۔ میڈیا کے مطابق زید حامد کو سزا دینے کی خبر کی تصدیق دفتر خارجہ اور ریاض میں پاکستانی سفارت خانے سے نہیں ہوسکی ہے۔

مزید خبریں :