26 جنوری ، 2012
کراچی … جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ آئندہ حکومتی سیٹ اَپ بھی اسٹیبلشمنٹ کے زیر اثر نظر آرہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ فرقہ وارانہ عناصر کو لڑانے میں حکومت اور ایجنسیاں بھی ملوث ہوتی ہیں۔ کراچی میں ایک ظہرانے کے بعد نیوز کانفرنس میں مولانافضل الرحمن نے کہا کہ مجلس عمل کی بحالی پر جماعت اسلامی اپنی شرائط سے دستبردار ہوجائے تو بات بن جائے گی۔ کراچی کے حالات پر مولانا فضل الرحمن نے الزام عائد کیا کہ فرقہ وارانہ عناصر کو اشتعال دلاکر ایک دوسرے کے خلاف صف آراء کرنے میں حکومت اور ایجنسیاں بھی ملوث ہوتی ہیں، مذہبی جماعتیں اتحاد بین المسلمین کی بات کرتی رہیں۔ ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ دنیا میں اسلام اور مغربی تہذیب کے درمیان تصادم اب بھی جاری ہے، تہذیبی غلبہ کی مثالیں پاکستان کے سیاسی جلسوں میں بھی دیکھی جاسکتی ہیں۔