26 جنوری ، 2012
کراچی …ترجمان متحدہ قومی موومنٹ نے کہا ہے کہ قائدتحریک الطاف حسین نے آج تک آئی ایس آئی یاکسی بھی سرکاری ایجنسی سے ایک پائی بھی نہیں لی۔کراچی سے جاری اعلامیہ کے مطابق ترجمان کا کہنا تھا کہ قائدتحریک الطاف حسین پر ایسابیہودہ اورشرمناک بہتان لگانا اس صدی کاسب سے بڑاجھوٹ ہے ،ترجمان نے مزید کہا کہ مذکورہ ایجنسی کی جانب سے قائدتحریک الطاف حسین کو رقم بھیجی گئی تھی لیکن انہوں نے پیسے لینے سے صاف انکارکردیا تھا جسکے گواہ پیسے لیکرآنے والے بریگیڈیئرحامداور اس وقت کے آرمی چیف جنرل ریٹائرڈاسلم بیگ خودہیں۔ترجمان نے مزید بتایا کہ ڈی جی آئی ایس آئی جنرل اسد درانی نے آئی ایس آئی سے رقوم لینے والے سیاستدانوں اورصحافیوں کی جو فہرست پیش کی تھی اس لسٹ میں قائدتحریک الطاف حسین کا نام شامل نہیں تھا اور یہ لسٹ قومی اسمبلی اورسپریم کورٹ کے ریکارڈکاحصہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 1988ء میں بھی بریگیڈیر امتیاز ایک بھاری رقم قائدتحریک الطاف حسین کے پاس لیکرآئے تھے لیکن انہوں نے اس وقت بھی رقم لینے سے صاف انکارکردیاتھا اور اس بات کی گواہی خود بریگیڈیئرامتیاز دے چکے ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ قائدتحریک الطاف حسین کاسب سے بڑاجرم ہی یہ ہے کہ انہوں نے سرکاری ایجنسیوں کے ہاتھوں اپنے ضمیر کا سودانہیں کیا۔