27 جنوری ، 2012
ڈیووس … وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کو خطرہ نہیں ہے، قبل از وقت انتخابات کی کوئی ضرورت نہیں،پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعتوں کی حکومت کو اسمبلی میں دو تہائی اکثریت حاصل ہے، فوج سمیت تمام اداروں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ سوئٹزر لینڈ کے شہر ڈیووس میں برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات 60 برس پرانے ہیں اور اب بھی پاکستان اس کے ساتھ باہمی احترام کے تعلقات چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فوج کے اقتدار پر قبضے کی خبریں درست نہیں ہیں، پاکستان کی فوج اور عوام جمہوریت کے حامی ہیں۔ ایک سوال پر وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ جمہوری حکومت عدلیہ کا احترام کرتی ہے اور جب عدالت کی طرف سے بلایا جائے تو حاضر ہونا ان کا فرض ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قبل از وقت انتخابات کی کوئی ضرورت نہیں ،پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعتوں کی حکومت کو اسمبلی میں دو تہائی اکثریت حاصل ہے۔