27 جنوری ، 2012
لاہور … جماعت اسلامی کے سابق امیر قاضی حسین احمد کا کہنا ہے کہ یہ الیکشن کاسال ہے کسی اور مصیبت کو 10 سال تک برداشت کرنے سے بہتر ہے کہ اس حکومت کو 3 ، 4 ماہ اور برداشت کرلیا جائے۔ لاہور میں صحافی مصطفی صادق کی یاد میں ایک تقریب میں قاضی حسین احمد نے کہا کہ اب الیکشن وقت پر ہوں گے،تین ماہ پہلے یا بعد سے کوئی فرق نہیں پڑتا، چائے کی پیالی میں طوفان کا کوئی فائدہ نہیں، این آر او کے تحت سپریم کورٹ نے 4 سال اس حکومت کو برداشت کیا اب ایسی فضا نہ بنائی جائے کہ کوئی اور مداخلت کرے اور الیکشن ملتوی ہوجائیں۔ قاضی حسین احمد نے کہا کہ قومی مفاہمت ضروری ہے مگر کرپشن سے نہیں۔ تقریب سے مجیب الرحمن شامی، لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل، ممتاز طاہر، جمیل اطہر اور مجاہد منصوری نے بھی خطاب کیا۔