24 جولائی ، 2015
کراچی.......کراچی میں پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین نے ایس ایس جی سی کی جانب سے گیس کی بندش کے خلاف مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پاکستان اسٹیل کو گزشتہ 40دنوں میں سوئی گیس کی بندش کے باعث 3ارب روپے سے زائد کا نقصا ن ہوا ہے ۔ اسٹیل ملز ملازمین نے کراچی پریس کلب کے سامنے سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے ادارے کی گیس کی بندش کے خلاف مظاہرہ کیا۔ ایس ایس جی سی نے واجبات کی عدم ادائیگی پر 28 جولائی کو اسٹیل ملز کا گیس کنکشن منقطع کرنے کی دھمکی دی ہے۔ پاکستان اسٹیل ملز پیپلز ورکرز یونین کے صدر شمشاد قریشی کا کہنا ہے کہ ادارے کے لیے گیس آکسیجن کی حیثیت رکھتی ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پاکستان اسٹیل ملز کو ہونے والے اربو ں روپے کے نقصا ن کی ذمہ دار ایس ایس جی سی ہے۔ ملازمین نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ادارے کی گیس بحال کی جائےاور نجکاری کے بجائے اس ادارے کے لیے بہتر پالیسی بنائی جائے۔