27 جنوری ، 2012
کراچی … کراچی میں گلبہار کے علاقے میں بجلی کی عدم دستیابی پر علاقہ مکینوں کے احتجاج کے دوران دو پولیس اہلکاروں سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق رضویہ کے علاقے پیتل گلی کے قریبی علاقے میں بجلی کی بندش کے خلاف علاقہ مکینوں نے گلبہار سڑک پر احتجاج کیا اور رکاوٹیں کھڑی کرکے سڑک بلاک کردی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ محفل نعت کے دوران بجلی کی بندش کے خلاف علاقہ مکینوں کے احتجاج پر پولیس شیلنگ سے تین افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ جبکہ دوسری جانب پولیس کا کہنا تھا کہ احتجاجی مظاہرین کے پتھراو کے باعث دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ہیں اور مظاہرین نے پولیس موبائل کے شیشے بھی توڑ دیئے ہیں۔ ترجمان سنی تحریک کے مطابق سربراہ سنی تحریک نے احتجاجی مظاہرین پر پولیس شیلنگ کے واقعے کی مذمت کی ہے۔