27 جنوری ، 2012
ایبٹ آباد … ایبٹ آباد کے نواحی علاقے میں2 روز قبل فاسفیٹ کی کان میں دبنے والے 9مزدوروں کی لاشیں نکال لی گئیں ہیں۔2روز قبل ایبٹ آباد کے نواحی علاقے بٹ کنالہ میں فاسفیٹ کی کان میں کام کرنے والے 10 کان کن کھانا کھا رہے تھے کہ اچانک بڑا پہاڑی تودا گر گیا جس سے دس کان کن ملبے تلے دب گئے تھے۔دبے ہوئے مزدوروں کو نکالنے کے لئے گزشتہ رات 11بجے تک ریسکیو ٹیم کام کرتی رہیں جس میں 4لاشیں نکالی گئیں۔آج صبح بھی امدادی کارروائی میں مزید 5لاشیں نکالی گئی ہیں۔کان میں اب بھی امدادی کارروائی جاری ہے۔ ادھر اسسٹنٹ ڈائریکٹر منرل ڈیپارٹمنٹ محمد ریاض کے مطابق علاقے میں غیر قانونی کان کنی کو روکنے کے لئے پولیس اور منرل ڈیپارٹمنٹ کی چیک پوسٹ قائم کی جارہی ہے۔ کمشنر ہزارہ ڈویڑن نے واقعے کی انکوائری کے لیے ایڈشنل کمشنر غفور بیگ کو انکوائری افسر مقرر کردیا ہے۔