17 مئی ، 2012
دبئی … کرغیزستان اور تاجکستان سے ایک ہزار میگاواٹ بجلی کی درآمد کے منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے پاکستان نے دبئی میں معاہدے پر دستخط کر دیئے گئے ، ازبکستان اور ترکمانستان نے بھی اپنی اضافی بجلی پاکستان برآمد کرنے کی پیش کش کردی۔وزارت پانی و بجلی کی طرف سے جاری کئے گئے اعلامیے کے مطابق دبئی میں پاکستان، تاجکستان، کرغیزستان اور افغانستان کے درمیان منصوبے پر ہونے والے 2روزہ مذاکرات کے بعد چاروں ممالک کے درمیان معاہدے پر دستخط کئے گئے۔ پاکستان کی طرف سے وفاقی وزیر پانی و بجلی نے معاہد ے پر دستخط کئے ، اس منصوبے کو CASA 1000کا نام دیا گیا ہے ۔ اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر پانی و بجلی نے کہا کہ توانائی کے بحران کے حامل پاکستان کیلئے یہ منصوبہ بہت ہی اہمیت کا حامل ہے۔ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں چاروں ملکوں کے علاوہ عالمی بینک، اسلامی ترقیاتی بینک سمیت دیگر مالیاتی اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ عالمی بینک اور اسلامی ترقیاتی بینک نے منصوبے کی فنڈنگ میں اپنے مکمل عزم کا اظہار کیا ہے۔ اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ 2 روزہ اجلاس میں رشین فیڈریشن کے ایک وفد نے بھی شرکت کی اور منصوبے میں 50کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کی خوہش کا اظہار کیا۔ اعلامیے کے مطابق پہلے مرحلے میں تو یہ 1000 میگا واٹ بجلی کی درآمد کا منصوبہ ہے تاہم بعد میں اس کو مختلف مراحل میں 5 سے 6 ہزار میگا واٹ تک بڑھایا جا سکتا ہے۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ازبکستان اور ترکمانستان نے بھی اپنی اضافی بجلی پاکستان برآمد کرنے کی پیش کش کی ہے۔