27 اگست ، 2015
نارووال.......نارووال میں نادرا دفتر پر بااثر افراد کے حملے اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سمیت عملے پر تشدد کے خلاف نادرا آفس ایک ہفتہ سے بند پڑا ہے، چیئرمین نادرا نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔پولیس کے مطابق 18اگست کونادرا آفس شکر گڑھ میں ایجنٹ مافیا اور ان کے مسلح ساتھیوں نے تلخ کلامی کے بعد اسسٹنٹ ڈائریکٹر حسن محمود اور عملے کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایاتھا۔ واقعے کے بعد سے نادرا کے عملے نے احتجاجاً دفتر بند کردیا، پولیس نے 24افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ دفتر کے باہر تعینات سیکورٹی گارڈ نے جیونیوز کو بتایا کہ ملزمان کی تعداد زیادہ تھی اس لیے وہ مزاحمت نہیں کرسکے۔چیئرمین نادرا نےبھی نادرا آفس کا ہنگامی دورہ کیا۔ انھوں نے بتایا کہ ایجنٹ مافیا کے خلاف مقدمہ درج کرکے 7ملزمان کو گرفتار کرلیا گیاہے۔ نادرا کے عملے کا مطالبہ ہے کہ مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی جائیں۔