28 اگست ، 2015
سیالکوٹ........ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ بھارت نے شہری آبادی کو نشانہ بناکر ہر حد پار کرلی، بھارتی جارحیت اور پاکستان میں دہشت گردی ایک سلسلے کی کڑیاں ہیں، بھارت کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانا غیر پیشہ وارانہ، غیر اخلاقی اور بزدلانہ کارروائی ہے، پاکستان کے مختلف حصوں میں دہشت گردی کے واقعات میں بھارت کی یقینی پشت پناہی محسوس کی جاسکتی ہے۔ جنرل راحیل شریف سیالکوٹ میں رینجرز ہیڈکوارٹر ز پہنچے، ورکنگ بائونڈری اور لائن آف کنٹرول کی تازہ ترین صورت حال پربریفنگ لی، سیالکوٹ میں ورکنگ بائونڈری کابھی دورہ کیا، سرحد پر تعینات فوجی دستوں اور مقامی آبادی کے بلند حوصلے کو سراہا اور بلااشتعال بھارتی فائرنگ کا بھرپور جواب دینے پر پنجاب رینجرز کو خراج تحسین پیش کیا۔ جنرل راحیل شریف کا کہناتھاکہ بھارت نے ورکنگ بائونڈری اور لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی ۔ بعدمیں آرمی چیف سی ایم ایچ سیالکوٹ بھی گئے، زخمیوں کی عیادت کی اوران کے بہترین علاج کے لیے متعلقہ عملے کو ہدایات جاری کیں۔