28 اگست ، 2015
لندن......وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ بھارت نت نئے بہانے بنا کر امن کی تمام کوششوں کو سبوتاژ کررہا ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ نے پاک بھارت مذاکرات میں تعطل پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ لندن میں برطانوی وزیرخارجہ فلپ ہیمنڈ سے ملاقات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور دفاعی اداروں نے مل کر افغانستان میں مذاکرات کی راہ ہموار کی ، پاکستان کو سخت افسوس اور تشویش ہے کہ خطے کے ممالک اور بین الاقوامی برادری نے مثبت ردعمل کا اظہار نہیں کیا، خطے کے دوسرے ممالک اپنی کوتاہیوں اور کمزوریوں کا بوجھ پاکستان پر ڈالنے سے اجتناب کریں۔ برطانوی وزیرخارجہ نے چوہدری نثار کے موقف سے اتفاق کرتے ہوئے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ برطانوی وزیر خارجہ نے پاک بھارت مذاکرات میں حالیہ تعطل پر بھی اظہار تشویش کیا۔ دنوں رہ نماؤں نے پاکستان میں این جی اوز کی رجسٹریشن، انسداد دہشت گردی میں تعاون اور دیگر باہمی معاملات پر بھی بات چیت کی ۔