29 اگست ، 2015
لاہور.......لاہور ہائی کورٹ میں بچوں کی حوالگی کے دو الگ الگ کیسز کی سماعت کے بعد عدالت نے بچوں کواپنے اپنے دادا کے ساتھ جانے کا حکم دیدیا،بچوں کی جدائی پر مائیں سسرالیوں کو کوستی ،چیخ و پکار کرتی رہیں ،ایک بےہوش ہو گئی ۔ سیالکوٹ کی رضوانہ نے سسرال میں مقیم پانچ بچوں کی بازیابی کیلئے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ رضوانہ کا کہنا تھا کہ اس کا خاوند ایک سال سے دوبئی میں ہے، سسر نے بچے چھین کر گھر سے نکال دیا۔ رضوانہ کے سسر نے بہو پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ وہ بچوں کی اچھی پرورش نہیں کررہی، عدالت نے بچوں کو دادا کے حوالے کرنے کا حکم دیا،احاطہ عدالت میں دادا بچوں کو ساتھ لے جانے کیلئے گھسیٹتا رہا ، چیخ وپکار کرتی بچوں کی ماں شدت غم سے بےہوش ہو گئی۔ دوسرا کیس بھی اسی نوعیت کا ہے، فیصل آباد کی کرن نے بھی بچوں کی تحویل کیلئے درخواست دائر کر رکھی ہے۔ اس کیس میں بھی سسر کا یہی موقف تھا کہ اس کا بیٹا جیل میں ہے ، بہو بچوں کی ٹھیک دیکھ بھال نہیں کرتی ،عدالت نے دو بیٹوں کو دادا کے حوالے کیا تواحاطہ عدالت میں بچوں کی ماں اور نانی نے چیخ و پکار شروع کر دیا۔