01 ستمبر ، 2015
اسلام آباد....... اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ رینجرز کو وفاق نے اختیارات دیے ، سندھ حکومت مجبور ہے، آرمی چیف اور دیگر اداروں کے سربراہوں سے اپیل ہے کہ خدارا نظام کو چلنے دیں۔ پارلیمنٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف سے ملنے کا کوئی شوق نہیں ، لیکن اگر انھوں نے رابطہ کیا تو مثبت جواب دیں گے، نواز شریف ملک کے سربراہ ہیں ، تمام ادارے ان کے کنٹرول میں ہیں، صرف سندھ کے کرپٹ ہونے کا تاثر کیوں دیا جارہا ہے؟ پنجاب میں وزیر کی وڈیو تک آئی لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انھوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کے ارکان اگر استعفے نہیں دیتے تو کم از کم قوم سے معافی ہی مانگ لیں۔