پاکستان
02 ستمبر ، 2015

کراچی:شیرشاہ میں ٹریفک پولیس اہلکاروں پر فائرنگ، ایک جاں بحق

کراچی:شیرشاہ میں ٹریفک پولیس اہلکاروں پر فائرنگ، ایک جاں بحق

کراچی........کراچی کے علاقے شیرشاہ میں نامعلوم افراد نے ٹریفک پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔ چند دن قبل بھی گلشن اقبال میں فائرنگ کرکے دو ٹریفک پولیس اہلکاروں کو قتل کردیا گیا تھا۔ کراچی میں ٹریفک پولیس دہشتگردوں کی زد پر ہے، چار روز کے دوران فائرنگ کے دو واقعات میں تین ٹریفک پولیس اہلکاروں کو قتل جبکہ دو کو زخمی کیا جاچکا ہے۔ ٹریفک پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ روکنے کے لیے ایک جامع پالیسی مرتب کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن یہ سلسلہ پہلے کی طرح جاری ہے۔ شیرشاہ میں گلبائی چوک کے قریب تعینات ٹریفک پولیس اہلکاروں پر مسلح دہشتگردوں نے فائرنگ کی جس سے کانسٹیبل لیاقت جاں بحق جبکہ ہیڈ کانسٹیبل خوشی محمد اور کانسٹیبل نوید زخمی ہوگئے۔ اس سے قبل اتوار کو گلشن اقبال میں یونیورسٹی روڈ پر اتوار بازار کی ڈیوٹی پر تعینات دو ٹریفک پولیس اہلکاروں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا،جس کے بعد پالیسی آئی تھی کہ اب کسی بھی چوک پر ٹریفک پولیس اہلکار تنہا کھڑا نہیں ہوگا، ایک چوک پر کم از کم چار ٹریفک پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے، چاروں مسلح ہوں گے، دو ڈیوٹی انجام دیں جبکہ دو ان کی حفاظت کریں گے، کوشش کی جائے گی کہ ٹریفک پولیس اہلکار رینجرز اور پولیس کے ساتھ ڈیوٹی انجام دیں جبکہ حساس علاقوں سے ٹریفک پولیس اہلکاروں کو واپس بلا لیا جائے گا۔ٹریفک پولیس اہلکاروں کی حفاظت کے لیے ریپڈ رسپانس فورس کی نفری فراہم کرنے کے علاوہ بلٹ پروف جیکٹس بھی فراہم کی جائیں گی، شہر کے گنجان آباد علاقوں میں تو ٹریفک پولیس اہلکاروں کو مسلح دیکھا جاسکتا ہے تاہم ضلع غربی کے متاثرہ علاقوں میں ایک بار پھر ٹریفک پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ اس پالیسی پر سوالیہ نشان ہے۔

مزید خبریں :