پاکستان
03 ستمبر ، 2015

پنجاب میں عائشہ کے چھاپے، کراچی اور دیگر شہروں میں کون آئیگا؟

پنجاب میں عائشہ کے چھاپے، کراچی اور دیگر شہروں میں کون آئیگا؟

کراچی........پنجاب میں فوڈ اتھارٹی کے چھاپوں کے بعد جو کچھ سامنے آیا،اس نے پورے ملک کےعوام کی نیندیں حرام کردی ہیں، پبلک پریشان کم حیران زیادہ ہے کہ کھانے کے نام پر ہمارے معدوں میں کیا کچھ اتارا جارہا ہے،کہاں کہاں کس کس نام سے خوراک کے نام پر کھلواڑ کیا جارہا ہے،کہیں چند سکوں کے منافع کی ہوس میں بیمار اور مردار جانوروں کا گوشت فروخت کرکے آنکھوں میں دھول جھونکی جارہی ہے،جس ریسٹورنٹ پر چھاپا پڑتا ہے،گندگی کے ڈھیر نکل آتے ہیں،سڑاند اور بدبو کے بھبکوں سے دماغ کی نسیں پھٹتی جاتی ہیں، ایک عائشہ ممتاز ہیں جو شہریوں کو مصیبت سے بچانے کے لیے لاہور میں چھاپے مار رہی ہیں،پنجاب کے کچھ اور شہروں میں بھی کارروائیاں ہوئی ہیں، لیکن کراچی میں کیا چل رہا ہے؟ کوئٹہ کے شہریوں کو کون بچائے گا؟ اسلام آباد میں کون آنکھ کھول کر دیکھے گا؟ پشاور میں کوئی چھاپا مارا گیا یا نہیں؟ کہیں کوئی دیکھنے اور پوچھنے والا نہیں،کہیں نوٹوں کی حرص میں جان بچانے والی دوائوں کے نام پر زہر بانٹا جارہا ہے، خالص دودھ کے نام پر ملاوٹ زدہ محلول گلے کھلے عام بک رہاہے،مرچ مصالحوں کے نام پر اینٹوں اور لکڑیوں کے برادے پھانکنے پر مجبور کیا جارہا ہے،تو کہیں ککنگ آئل کے بجائے چربی کے تیل سے پکوڑے اور سموسے بنا کر کھلائے جارہے ہیں، کہیں کوئی پوچھنے اور دیکھنے والا نہیں اور عائشہ ممتاز صاحبہ آپ بھی ذرا سنبھل کے،بڑی بڑی مافیاز آپ جیسے لوگوں کو چلنے نہیں دیتیں۔

مزید خبریں :