18 مئی ، 2012
لاہور … سوئی ناردرن گیس کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر عارف حمید کا کہنا ہے کہ نئے کنکشنوں کی 11 لاکھ درخواستیں زیر التوا ہیں اور مزید پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ لاہور میں جیو سے گفتگو کرتے ہوئے عارف حمید نے بتایا کہ نئے کنکشن کیلئے درخواستوں کی بھرمار ہے اس رش کو ختم کرنے کیلئے 9 لاکھ جمع شدہ درخواستوں پر کنکشنز کا اجراء مکمل روک دیا گیا ہے، اب صرف پہلے سے جمع شدہ 2 لاکھ ڈیمانڈ نوٹس پر کنکشن لگے گا، اس کے علاوہ ریجن کو کنکشن دینے کا اختیار ختم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سسٹم کو کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے، ہیڈ آفس سیلز شعبے سے جاری ہونے والے ڈیمانڈ نوٹس پر کنکشن دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال سوا 2 لاکھ کنکشنز کا بجٹ ملتا ہے جو کئی ماہ پہلے ختم ہوچکا ہے تاہم ان اقدامات کا مقصد رشوت اور سفارش کلچر کو ختم کرنا ہے۔