04 ستمبر ، 2015
لاہور.......پنجاب میں مضرصحت گوشت کے بعد غیرمعیاری بیکریوں کی بھی شامت آ گئی،پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور میں غیر معیاری چاکلیٹ اور بیکری آئٹمز میں گندے انڈے استعمال کرنے والے دو یونٹوں کوسیل کر دیا۔ حرام، مردار گوشت ، باسی کھانوں اور ناقص دودھ کے کاروبار پر شہری پریشان تھے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے معروف بیکریوں میں بھی گندے انڈوں اور غیرمعیاری آئٹمز کے انکشافات کر ڈالے، اقبال ٹاؤن کی معروف بیکری کے اسٹور پر چھاپہ مارا تو لگا یہاں اسٹاک گندے انڈوں کا ہے،ہر طرف بدبو دار اور تعفن پھیلاتے انڈے ،گودام کو سیل کر دیا گیا ، بیکری مالکان کو بھلا عائشہ ممتاز کا یہ کام کیوں پسند آتا۔ بات یہیں ختم نہیں ہوئی ، ٹیم اقبال ٹاؤن ہی میں چاکلیٹ تیار کرنے والی فیکٹری پہنچی تو صاف نظر آیا کہ یہ لوگ دونوں ہاتھوں سے دولٹ سمیٹنے کیلئے چاکلیٹ کے دلدادہ بچوں اور خواتین کو بھی معاف کرنے کو تیار نہیں ،اس چاکلیٹ کی تیاری کے مراحل دیکھنے کے بعد اسےگلے سے اتارنا شاید آسان نہ ہو۔ چاکلیٹ سا ز فیکٹری کے مختلف شعبوں کی صفائی اور معیار الامان الحفیظ۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے تسلسل سے جاری کریک ڈائون کے باوجود عوام کی رگوں میں زہر اتارنے والے اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایسے مکروہ دھندے میں ملوث افراد اور اداروں پر پابندی لگائی جائے۔