18 مئی ، 2012
اسلام آباد … اوگرا نے یکم جولائی سے گیس قیمتوں میں کمی کی سفارش کردی، سوئی ناردرن کیلئے 47 روپے 52 پیسے اور سوئی سدرن کیلئے 34 روپے 34 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو کمی کی سمری وزارت پیٹرولیم کو ارسا ل کردی گئی۔اوگرا ذرائع کے مطابق سوئی ناردرن اور سوئی سدرن گیس کمپنیوں کی آئندہ مالی سال کیلئے ریونیو ضروریات سے متعلق درخواستوں کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سوئی ناردرن کی طرف سے گیس کی فی ایم ایم بی ٹی یو قیمت میں 47روپے کمی کی درخواست کی گئی تھی جبکہ اتھارٹی نے رواں مالی سال کے دوران کمپنی کے ریونیو میں اضافے کو دیکھتے ہوئے 47روپے 52پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو کمی کی سفارش کی ہے۔ سوئی سدرن کمپنی کی طرف سے یکم جولائی سے گیس کی قیمت میں اوسطاً 2روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کمی کی درخواست تھی جبکہ اوگرا نے کمپنی کے رواں مالی سال کے ریونیو وصولی کو دیکھتے ہوئے 34 روپے 34 پیسے کمی کی سفارش کی ہے۔ اوگرا ذرائع کے مطابق دونوں کمپنیوں کو آئندہ مالی سال میں گیس نقصانات 4.5 فیصد تک رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اوگرا ذرائع کے مطابق اس وقت سوئی ناردرن سسٹم پر گیس کی قیمت 436 روپے 20پیسے جبکہ سوئی سدرن کی 420 روپے 14پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو ہے۔ گیس کی قیمتوں کی حتمی منظوری وزارت پیٹرولیم کی طرف سے فیصلہ آنے کے بعد ہوگی۔