10 ستمبر ، 2015
لندن.........یوں تو مادام تساؤ میوزیم میں آئے دِن دنیا کی مشہور و معروف شخصیات کے حقیقت سے قریب تر مومی مجسموں کی نمائش کی جاتی ہے۔ لیکن اس بار کوئی انسان نہیں بلکہ دنیا کی سب سے بد مزاج اور چڑچڑی بلی بھی اس کا حصہ بننے جا رہی ہے۔
وہ کوئی اور نہیں بلکہ گرمپی کیٹ ہے، جس کے مومی مجسمے کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں اور اسی سلسلے میں گزشتہ روز بلی کی لمبائی اور چوڑائی کی پیمائش بھی کی گئی ہے۔ اسکیل سے ناپ تول کرواتی بی مانو بد مزاجی میں اس قدر مستقل مزاج ثابت ہوئیں کہ سائز دیتے ہوئے بھی ناک منہ چڑھائے اور چڑچڑا انداز اپنائے دِکھائی دیں۔
گرمپی کیٹ کی آنکھوں کی رنگ کے لینس بھی تیار کر لئے گئے ہیں، جبکہ بلی کے بالوں کے نمونے بھی لے لِئے گئے ہیں تاکہ مومی مجسمہ ہو بہو اس بد مزاج بلی کی طرح دِکھائی دے۔ تو جناب اب تیار ہو جائیے کیونکہ یہ بی مانو جلد ہی مادام تساؤ میوزیم میں جلوۂ گر ہونگی۔