17 ستمبر ، 2015
کراچی.......چوتھے روز بھی جناح اسپتال کراچی کی انتظامیہ پیرا میڈیکل اسٹاف کے سامنے بے بس اور ناکام ہو گئی ہے۔روزانہ ہزاروں پریشان حال مریض مایوس لوٹ رہے ہیں ۔
ہیلتھ الاؤنس کی عدم ادائیگی کے خلاف جناح اسپتال کراچی میں پیرامیڈکل اسٹاف کا احتجاج چوتھے روز بھی جاری ہے۔اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر انیس الدین بھٹی نے پیرامیڈکل اسٹاف اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا احتجاج ختم کرانے کے لئے وزیر صحت کی ہدایت پر رینجرز کوگذشتہ روز خط لکھا تھا ۔
چوتھے روز مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری اور واٹرکینن بھی جناح اسپتال پہنچ گئی ۔گزشتہ روز وزیراعلی سندھ کی جانب وزیر صحت، خزانہ اور صحت کے سیکریٹریز اور جناح اسپتال کے ڈائریکٹر کو طلب کیا گیا تھا تاہم اس میں بھی کوئی پیش رفت نہ ہو سکی ۔
واضح رہے کہ پیرا میڈیکل اسٹاف کے احتجاج کے باعث 4روز سے10ہزار سے زائد مریضوں کو طبی امداد نہیں دی جاسکی۔احتجاج کے باعث 4روز میں 450سے زائد آپریشن ملتوی ہوئے ہیں ۔ احتجاج کے باعث اوپی ڈی،او ٹی ،لیباریٹریز بند ہیں اور دور دراز علاقوں سے لائے گئے مریض اسپتال پہنچنے کے باوجود علاج سے محروم ہیں۔