22 ستمبر ، 2015
اسلام آباد ......وزیرمملکت برائے تعلیم بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ رواں سال اسکول فیسوں میں اضافہ قابل قبول نہیں، فیسوں میں اضافے کیلئے متعلقہ اتھارٹی سے اجازت لینا لازمی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں بلیغ الرحمان کا کہنا تھاکہ اسکولوں کی طرف سے مرضی سے فیسیں بڑھانا غیر قانونی ہے ، گزشتہ کئی سالوں سے اسکول فیسوں کے حوالے سے من مانی کررہے ہیں آئندہ فیسیں مرضی سے بڑھانے نہیں دینگے، پرائیویٹ اسکولوں کو عوام کی بہتری کے لئے حصہ ڈالیں اور اپنی مرضی سے فیسیں نہ بڑھائیں ۔
وزیر مملکت برائے تعلیم بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ گزشتہ کئی سالوں سے اسکول اپنی مرضی سے فیسیں بڑھا رہے ہیں ، نجی اسکولوں کی طرف سے 2015ءمیں کسی قسم کی فیس کا اضافہ قبول نہیں ہے۔
بلیغ الرحمان نے کہا کہ اس سال مہنگائی کی شرح نہ ہونے کے برابر بڑھی جبکہ نجی اسکولوں کی فیس میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔